اسلام آباد (چوہدری ہارون اشتیاق)اسلام آباد پولیس نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے تھانہ کھنہ کی حدود میں کارروائی کے دوران بدنام زمانہ "سٹار 96” ٹیرر گروپ کے پانچ خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی ایس ایچ او تھانہ کھنہ عامر حیات کی سربراہی میں عمل میں لائی گئی، جنہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ نہایت پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس گروہ کو گرفتار کیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی عمریں 15 سے 20 سال کے درمیان ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے پسٹل بمعہ زندہ روند بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ گروہ مختلف وارداتوں اور جرائم کی سنگین کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ "سٹار 96” ٹیرر گروپ کا اصل ہدف نو عمر نوجوان تھے، جنہیں یہ معمولی خرچ اور اسلحہ فراہم کرکے اپنے گروہ میں شامل کرتے تھے۔ اس عمل سے نہ صرف نوجوانوں کو جرائم کی دلدل میں دھکیلا جا رہا تھا بلکہ شہر میں امن و امان کے مسائل بھی بڑھ رہے تھے۔
ایس ایچ او کھنہ عامر حیات نے والدین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں، کیونکہ اس طرح کے گروہ نوجوان نسل کو برباد کرنے کی کوشش میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس طویل عرصے سے ان گروپس کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھی۔ جدید تکنیکی ذرائع اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر ٹھوس شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ہی یہ بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان میں بعض غیر ملکی بھی شامل ہیں، جن کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی اور انہیں ملک بدر کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش ملزمان نے اہم انکشافات کیے ہیں اور توقع ہے کہ جلد مزید افراد کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
اسلام آباد پولیس کی اس کامیاب کارروائی کو عوامی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے اور اسے امن و امان کی بحالی اور نوجوان نسل کو جرائم سے بچانے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔