پاکستانتازہ ترین

بشریٰ بی بی غریب لوگوں کی لاشیں بیچنے آئی تھیں،دانیال چوہدری

اسلام آباد: وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر دانیال چوہدری نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاجی مظاہروں اور اس کے نتیجے میں ہونے والے تشدد کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں سکیورٹی کے چھ اہلکار شہید ہوئے، اور انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی ہلاکتیں گولیوں سے نہیں ہوئیں۔

دانیال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کے کہنے پر مظاہرین نے فائرنگ کی اور کئی افراد کی جانیں گئیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، اور اگر فورسز اس حکمت عملی سے کام نہ لیتیں تو سینکڑوں جانیں ضائع ہو سکتی تھیں۔ وفاقی رہنما نے پی ٹی آئی کے احتجاج کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ مظاہرین اسلام آباد میں انتشار پھیلانے کے لیے آئے تھے اور انہیں غریبوں کو پانچ ہزار روپے دے کر لایا گیا تھا۔

دانیال چوہدری نے مزید انکشاف کیا کہ گرفتار ہونے والوں میں 37 افغان شہری بھی شامل ہیں، جن سے پولیس کو مختلف اسلحہ اور آنسو گیس کے شیل ملے ہیں۔ ان افغان شہریوں کے پاس ایسا اسلحہ تھا جو خیبر پختونخوا حکومت کا تھا، اور پولیس کی 13 بڑی گاڑیوں اور تقریباً 100 کیمرے جلائے گئے۔ انہوں نے وزارت داخلہ سے اپیل کی کہ افغان شہریوں کے حوالے سے جلد پالیسی بنائی جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ 26 اور 27 نومبر کا دن عوام کی یاد سے نہیں جائے گا، کیونکہ پی ٹی آئی کی قیادت نے اسپتال میں جھوٹ پر مبنی ویڈیوز بنائیں اور دعویٰ کیا کہ وہاں لاشیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس تمام صورتحال کو بہترین طریقے سے ہینڈل کیا اور پی ٹی آئی کی جانب سے عوام کی لاشوں پر سیاست کرنے کی کوشش کامیاب نہ ہونے دی۔

چوہدری نے کہا کہ حکومت نے احتجاج کرنے والوں کو بات چیت کی دعوت دی تھی اور کہا تھا کہ پرامن احتجاج سب کا حق ہے، لیکن لوگوں کی جانوں سے کھیلنے کا حق کسی بھی سیاسی جماعت کو نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے گرینڈ آپریشن کیا جس میں کئی اہم چیزیں برآمد ہوئیں اور حکومتی اقدامات سے ملک میں بہتری کی طرف گامزن ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران اسلام آباد آنے والے سمگلرز کا تعاقب کیا جا رہا ہے اور انتشار پھیلانے والے کسی بھی شخص کو نہیں بخشا جائے گا۔چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت کی حکمت عملی کامیاب ثابت ہوئی اور ان کی جماعت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ملک میں امن و امان قائم رہے اور کسی بھی سیاسی جماعت کو عوام کی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہ دی جائے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button