اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انٹرنیشنل این جی اوز کے کاغذات کی جانچ پڑتال کا حکم دے دیا۔ کہا این جی اوز بھی معاونت کریں اور متعلقہ دستاویزارت بروقت فراہم کریں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیرملکی غیر سرکاری تنظیموں کے لئے قائم خصوصی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن، ڈی جی وزارت خارجہ، کنسلٹنٹ وزارت قانون اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
مزیدپڑھیں:بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی، محسن نقوی
اجلاس میں انٹرنیشنل این جی اوز کی رجسٹریشن مسترد ہونے اور ایم او یوز کی تجدید کی درخواستوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ہر درخواست کا فرداً فرداً تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ این جی اوز کے کاغذات کی جانچ پڑتال کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پندرہ دن میں اسکروٹنی مکمل کرکے تمام درخواست دہندگان کو آگاہ کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے انٹرنیشنل این جی اوز کو بھی معاونت اور متعلقہ دستاویزارت بروقت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔