چین کی 530 میٹر بلند عمارت، جدید تعمیراتی مہارت کا ایک شاندار نمونہ

چین کی 530 میٹر بلند عمارت، جدید تعمیراتی مہارت کا ایک شاندار نمونہ

0

چین کے شہر گوانگژو میں واقع گوانگژو سی ٹی ایف فنانشل سینٹر جدید تعمیراتی مہارت کا ایک شاندار نمونہ سمجھا جاتا ہے، مگر اس فلک بوس عمارت کو عالمی شہرت اس کی غیرمعمولی رفتار سے چلنے والی لفٹس نے دلائی ہے۔ یہ لفٹس دنیا کی تیز ترین لفٹس میں شمار کی جاتی ہیں اور دیکھنے والوں کو حیران کر دیتی ہیں۔

2016 میں مکمل ہونے والی یہ عمارت 530 میٹر بلند ہے۔ اس میں زمین سے اوپر 111 منزلیں اور زیرِ زمین پانچ منزلیں تعمیر کی گئی ہیں۔ اگرچہ عمارت کی بلندی اور ڈیزائن متاثر کن ہیں، لیکن عوامی توجہ کا اصل مرکز وہ ایکسپریس لفٹس ہیں جو گراؤنڈ فلور سے 95ویں منزل تک کا فاصلہ صرف 43 سیکنڈ میں طے کر لیتی ہیں۔

انڈونیشیا کا پاک فضائیہ کے جنگی تجربے اور تربیتی مہارت سے استفادے کی خواہش کا اظہار

ان لفٹس کی تنصیب جاپانی کمپنی ہٹاچی نے کی ہے۔ عمارت میں مجموعی طور پر 95 لفٹس نصب ہیں، جن میں ڈبل ڈیکر، تیز رفتار اور درمیانی رفتار کی لفٹس شامل ہیں۔ تاہم سب سے زیادہ شہرت دو خصوصی لفٹس کو حاصل ہوئی جنہوں نے رفتار کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

ان لفٹس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 1200 میٹر فی منٹ ہے، جو تقریباً 72 کلومیٹر فی گھنٹہ کے برابر بنتی ہے۔ اس سے قبل تیز ترین لفٹ کا اعزاز تائی پے 101 کو حاصل تھا، مگر گوانگژو کی اس عمارت نے یہ اعزاز اپنے نام کر لیا۔

اتنی حیرت انگیز رفتار حاصل کرنا انجینئرنگ کے میدان میں ایک بڑا چیلنج تھا کیونکہ رفتار کے ساتھ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانا بھی ناگزیر تھا۔ اسی مقصد کے لیے مستقل مقناطیسی موٹرز، ہلکے وزن کی ٹریکشن مشینیں اور ہوا کی مزاحمت کم کرنے کے لیے ایروڈائنامک کیبن ڈیزائن استعمال کیا گیا۔

ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے جدید بریکنگ نظام نصب کیا گیا ہے۔ خصوصی بریک پیڈز اس قدر مضبوط ہیں کہ تیز رفتاری سے اچانک رکنے کے دوران پیدا ہونے والی تقریباً 300 ڈگری سینٹی گریڈ حرارت کو بھی برداشت کر سکتے ہیں۔ مزید برآں ایکٹیو گائیڈ رولرز ریل میں پیدا ہونے والی معمولی لرزش کو فوراً محسوس کرتے ہیں اور نظام خودکار طور پر جھٹکوں کو کم کر دیتا ہے، جس سے سفر نہایت ہموار رہتا ہے۔

اتنی بلندی پر تیزی سے پہنچنے کے دوران کانوں پر دباؤ پڑنا عام بات ہے، مگر ان لفٹس میں پریشرائزڈ کیبن نصب کیے گئے ہیں جو اندرونی ہوا کے دباؤ کو بتدریج تبدیل کرتے ہیں۔ یوں مسافر مختصر مگر سنسنی خیز سفر کے دوران بھی آرام دہ محسوس کرتے ہیں۔

یہ عمارت اور اس کی برق رفتار لفٹس جدید انجینئرنگ کی اس صلاحیت کی مثال ہیں جہاں رفتار، تحفظ اور آرام کو ایک ساتھ ممکن بنایا گیا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.