کولمبو۔۔ :پاکستان نے کولمبو ٹیسٹ کے پہلے روز سری لنکا کو پہلی اننگز میں 166 رنز پر آئوٹ کرکے میچ کا شاندار آغاز کیا ہے،
قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں پہلے روز کھیل کے اختتام 2 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا لئے، شان مسعود اور عبداللہ شفیق نے نصف سنچریاں سکور کیں، ابرار احمد نے عمدہ بائولنگ کرتے ہوئے 4 اور نسیم شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ پیر کو سنہالیسے سپورٹس کلب گرائونڈ کولمبو میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز سری لنکا کے کپتان نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
سری لنکا کی ٹیم پاکستانی بائولنگ لائن اپ کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکی اور پہلی اننگز میں166 رنز پر ہی آئوٹ ہو گئی۔ دھننجایا ڈی سلوا 57 اور دنیش چندیمل34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ میزبان ٹیم نے اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا جب اس کی ابتدائی 4 وکٹیں 36 کے مجموعی سکور پر گر گئیں۔ اوپنر نشان مدھوشکا4 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے جبکہ دوسری وکٹ 23 رنز پر گری جب کوشل مینڈس 6 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
سری لنکا کے تیسرے کھلاڑی 36 رنز کے مجموعے پر آئوٹ ہوئے، نسیم شاہ نے اینجلو میتھیوز کو 9 رنز پر آئوٹ کیا اور ہوم ٹیم کی چوتھی وکٹ بھی 36 رنز پر گری، نسیم شاہ نے سری لنکا کے کپتان کرونارتنے کو 17 رنز پر پویلین چلتا کیا۔ اس موقع پر دنیش چندی مل اور ڈی سلوا نے اننگز کو سنبھالا دیا اور مجموعی سکور کو 121 رنز پر پہنچا دیا۔ دنیش چندیمل34 رنز پر آئوٹ ہوئے تو اس کے ساتھ ہی سری لنکن بیٹرز کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ پھر سے شروع ہوگیا۔ سدیرا سماراوکرما صفر پر پویلین لوٹ گئے۔133 کے مجموعی سکور پر دھننجایا ڈی سلوا 57 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ 136 کے مجموعی سکور پر پراباتھ جے سوریا ایک رن بنا کر رن آئوٹ ہوئے۔
ہوم سائیڈ کی نویں وکٹ 163 رنز پر گری اسیتھا فرنینڈو 8 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ سری لنکا کا آخری کھلاڑی166 رنز پر آئوٹ ہوا۔