کراچی سٹی کونسل کا پہلا ہی اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا
کراچی سٹی کونسل کا پہلا ہی اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا
اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی اور بات ہاتھا پائی تک بھی جا پہنچی۔
اجلاس کے دوران جماعت اسلامی، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے نمائندے آمنے سامنے آگئے ۔
اجلاس میں ہنگامہ آرائی پی ٹی آئی کے فاروڈ بلاک کے پارلیمانی لیڈر اسد امان کی تقریر کے دوران شروع ہوئی۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر اور کونسل کے رکن حافظ نعیم الرحمٰن نے ایوان میں نعرے لگوا ئے تو میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وقت بتائے گا کس نے مسائل حل کیے اور کس نے پیدا کیے، کون ماحول خراب کررہا ہے سب دیکھ رہے ہیں۔
اس موقع پر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آج پہلا اجلاس ہی رول کے خلاف چلایا جارہا ہے۔
اجلاس کے دوران جماعت اسلامی کے اراکین نے بازوؤں پر کالی پٹی باندھی ہوئی تھی جبکہ کراچی کو حق دو کے بینرز بھی اٹھائے ہوئے تھے۔ شور شرابے کے دوران میئر کراچی نے کہا کہ جو ’گو گو‘ کہہ رہے ہیں انہیں کراچی والے دیکھ رہے ہیں،کراچی کے مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے۔
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نے الزام لگایا کہ پیپلزپارٹی نے 15 جون کو جمہوریت کا قتل کیا۔
پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر نجمی عالم نے طنز کیا کہ حافظ بھائی آپ خدا حافظ ہوگئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے پارلیمانی لیڈر اسد امان کی تقریر کے دوران بھِی شدید نعرے بازی کی گئی۔