اسلام آباد۔5جولائی :وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا نوجوان ترقی کرےگا، تو ملک ترقی کرےگا ، ملک کے ہر صوبے میں ہاکی کا ٹیلنٹ ہنٹ کیاگیا، خواتین کو ہاکی کی طرف راغب کرنا ٹیلنٹ ہنٹ پراگرام کا مقصد تھا اور اس منصوبے کے ذریعے11ہزار لڑکے اور لڑکیوں نے ہاکی کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شرکت کی ، باصلاحیت کھلاڑی اگست میں قومی سطح کی ہاکی لیگ میں شرکت کریں گے ، 2013 میں سابق وزیراعظم نے یوتھ پروگرام کا آغاز کیاجس کے دس سال مکمل ہوگئے ہیں۔
پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے تحت فیڈرل ریجن ہاکی پراونشل کی افتتاحی تقریب نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم اور کھیلوں کی طرف راغب کرناہے۔پاکستان کا نوجوان ترقی کرےگا، تو ملک ترقی کرےگا ۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشرتی تباہی سے اسی طرح نکالیں گے جس طرح 2013 میں دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل سے گھرے پاکستان کو نکالا تھا۔انھوں نے کھلاڑیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں نوجوانوں میں تہذیب و تمدن کو نقصان پہنچتےدیکھا۔اختلاف کا اظہار مہذب طریقے سے کرنا چاہیے، بدتمیزی نہیں کرنی چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ٹیلنٹ ہنٹ میں شامل نوجوان کھلاڑی جلد قومی ہاکی ٹیم میں شامل ہوں گے۔