اسلام آباد: یونان کشتی حادثہ کے معاملے پر وزارت داخلہ میں کوآرڈی نیشن سیل قائم کر دیا گیا جس کا وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کوآرڈی نیشن سیل میں وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت صحت، وزارت اوورسیز اور ایف آئی اے کے نمائندے شامل ہوں گے، کوآرڈی نیشن سیل یونان میں ہونے والے کشتی حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے متعلق معلومات حاصل کرے گا۔
ڈی جی ایف آئی اے محسن بٹ نے مزید کہا ہے کہ کشتی حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین سے رابطے تیز کئے جائیں، یونان سے معلومات کی فراہمی کا عمل تیز کیا جائے، حادثے میں ملوث انسانی سمگلرز کیخلاف درج انکوائریز اور کیسز کی تحقیقات کو جلد مکمل کیا جائے، ملزمان کی گرفتاری کیلئے ہر قسم کے وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔
محسن بٹ نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایف آئی اے لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔