تین ون ڈے میچز کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 11 رنز سے ہرا کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔
میرپور میں کھیلے گئے تین ون ڈے میچز کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 291 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں قومی ٹیم آخری گیند پر 279 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
سندھ حکومت اور میئر کراچی کی کارکردگی سے خوش ہوں: بلاول بھٹو زرداری
میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں پر 290 رنز بنائے۔ بنگلادیش کے تنزید حسن نے 107 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ لٹن داس نے 41، سیف حسن نے 36 اور نجم الحسن شانتو نے 27 رنز بنائے، توحید ہریدوئے نے 44 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین آفریدی اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی تاہم سلمان آغا کی شاندار سنچری کی بدولت ٹیم فتح کے قریب تو آئی تاہم اس میں کامیابی نہ مل سکی۔ پاکستانی ٹیم 291 رنز ہدف کے تعاقب میں آخری گیند پر 279 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ سلمان علی آغا نے 106 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے اپنی اننگ میں 9 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ ان کے علاوہ سعد مسعود نے 38، شاہین آفریدی نے 37 اور عبدالصمد نے 34 رنز بنائے۔
بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے چار، مستفیض الرحمان نے تین اور ناہید رانا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ خیال رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں بنگلادیش کو 11 برس بعد کامیابی ملی ہے۔
بنگلادیش کے خلاف تیسرے ون ڈے کے لیے پاکستان ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، غازی غوری، محمد رضوان، سلمان آغا، عبدالصمد، سعد مسعود، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے 3 میچز کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں بنگلادیش کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 128 رنز سے شکست دی تھی، جب کہ پہلے ون ڈے میں بنگلادیش نے کامیابی حاصل کی تھی۔