واپڈا مسلسل تیسری بار نیشنل چیلنج کپ کا تاج اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گیا۔
واپڈا نے اتوار کو کھیلے گئے فائنل میں خان ریسرچ لیبارٹریز کو سخت مقابلے کے بعد 0-1 سے شکست دے کر نیشنل چیلنج کپ کا ٹائٹل مسلسل تیسری بار جیت لیا۔ فیصلہ کن گول میچ کے آخری لمحات میں سمنان قریشی نے اسکور کیا۔
پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکول اینڈ کالجز کا MAGIS 2026 امتحان کامیاب، 6,500 سے زائد طلبہ کی شرکت
سمنان قریشی نے کھیل کے اختتام سے چار منٹ قبل شائیک دوست کے طویل پاس کو بہترین انداز میں کنٹرول کرتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچایا اور واپڈا کو مسلسل تیسری فتح دلائی۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم واضح مواقع کم ہی پیدا ہوئے۔ اس کے باوجود دو بار کے چیمپئن واپڈا نے برتری حاصل کی اور گول کے بعد دفاع کو مضبوط رکھتے ہوئے فتح یقینی بنائی۔
سمنان قریشی نے میچ کے بعد کہا کہ جیسے ہی انہیں گیند ملی ان کی تمام توجہ صرف گول پر تھی اور پہلا ٹچ ہی ان کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوا۔
معطلی کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلنے والے شائیک دوست نے بھی اپنی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوچ نے آخری لمحات میں آگے بڑھ کر گول کرنے کی ہدایت دی تھی، بائیں جانب گیند ملنے پر انہوں نے سمنان کو دوڑ لگاتے دیکھا اور انہیں پاس دینے کا فیصلہ کیا۔
اس سے قبل تیسری پوزیشن کے مقابلے میں ایس اے گارڈنز نے پاکستان آرمی کو مقررہ وقت میں 2-2 سے برابر رہنے کے بعد پنالٹیز پر 2-4 سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔