فاسٹ بولرز کو انجریز سے بچانے کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں خصوصی منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، جہاں ان پر مربوط اور منظم انداز میں کام جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق فاسٹ بولرز کو مستقبل میں فٹنس مسائل سے محفوظ رکھنے کے لیے ان کے بولنگ ایکشن، فٹنس، ڈائٹ اور مجموعی پرفارمنس پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید فاسٹ بولرز کے ایکشن میں بہتری لانے کے لیے فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
کھلاڑیوں کی فٹنس، ڈائٹ پلان کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ، بیٹنگ، بولنگ اور دیگر اسکلز پر بھی خصوصی کام کیا جا رہا ہے۔ محمد وسیم جونیئر کے تمام فٹنس ٹیسٹ کلیئر آ چکے ہیں اور وہ مکمل ٹریننگ میں حصہ لے رہے ہیں، ان کی صحت یا فٹنس کے حوالے سے کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔
محمد وسیم جونیئر کے بولنگ ایکشن پر بھی کام کیا جا رہا ہے، جبکہ دیگر نوجوان فاسٹ بولرز جیسے عامر جمال اور حنین شاہ بھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اسکل ورک میں مصروف ہیں۔ دراز قد فاسٹ بولر عاکف جاوید کے بولنگ ایکشن میں بہتری کے لیے بھی خصوصی محنت جاری ہے۔