(نیوز ڈیسک) پاکستان کو ڈھاکہ میں دوسرا ٹی ٹوئنٹی بھی شکست، سیریز بنگلہ دیش کے نام

ڈھاکہ کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو ایک بار پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ میزبان بنگلہ دیش نے پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 133 رنز کا ہدف دیا۔ یہ ہدف بظاہر آسان دکھائی دے رہا تھا، لیکن پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر دباؤ میں آ کر مکمل طور پر ناکام ہو گئی۔
مشکل صورتحال میں آل راؤنڈر فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔ انہوں نے 32 گیندوں پر 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ تاہم، وہ 19ویں اوور میں آؤٹ ہو گئے، اور پاکستان کی فتح کی امیدیں مدھم پڑ گئیں۔
فہیم اشرف کے آؤٹ ہونے کے بعد، آج کے میچ میں شامل ہونے والے احمد دانیال نے 20ویں اوور کی پہلی گیند پر مستفیض الرحمان کو چوکا مار کر اسکور 125 رنز تک پہنچایا۔ پاکستان کو باقی پانچ گیندوں پر صرف آٹھ رنز درکار تھے، مگر مستفیض کی دوسری گیند پر احمد دانیال چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ ہو کر آؤٹ ہو گئے۔ وہ پاکستان کے آخری بیٹر تھے۔
یوں پاکستان کو دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ آٹھ رنز سے ہارنا پڑا۔ یاد رہے کہ پہلے میچ میں بھی پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔ اس طرح دو میچوں میں شکست کے بعد یہ ٹی ٹوئنٹی سیریز بنگلہ دیش کے نام ہو گئی۔
