قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤنس کی عدم ادائیگی پر پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) شدید دباؤ کا شکار ہو گئی ہے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے فوری طور پر پی ایچ ایف سے فنڈز کے استعمال سے متعلق مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
پی ایس بی نے پی ایچ ایف کے صدر طارق بگٹی کو باقاعدہ خط ارسال کیا ہے جس میں غیر ملکی دوروں، اسلام آباد میں قائم کیے گئے کیمپ آفس، اور سرکاری گرانٹس کے اخراجات پر سخت سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ بورڈ نے ہدایت کی ہے کہ فیڈریشن گزشتہ چھ ماہ کا بینک اسٹیٹمنٹ اور تمام سرکاری گرانٹس کا حساب جلد از جلد جمع کروائے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس بی حکام ہاکی فیڈریشن کی مالی بے ضابطگیوں اور غیر شفاف طرزِ عمل پر شدید ناراض ہیں۔ حکام نے بیرونِ ملک دوروں کے اخراجات، فنڈنگ کی تفصیلات اور اسلام آباد آفس کی قانونی حیثیت پر بھی اعتراضات اٹھاتے ہوئے وضاحت طلب کی ہے۔
اسپورٹس بورڈ کا مؤقف ہے کہ کھلاڑیوں کو بنیادی مالی سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی سنگین غفلت ہے، جب کہ فیڈریشن کے اعلیٰ عہدیداروں کے غیر ضروری اخراجات اور غیر ملکی دورے اس معاملے کو مزید مشتبہ بنا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی کئی بار ڈیلی الاؤنس نہ ملنے کی شکایات کر چکے ہیں، تاہم پی ایچ ایف کی جانب سے اس پر کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آیا۔ پی ایس بی کی کارروائی کے بعد امکان ہے کہ ہاکی فیڈریشن کے مالی معاملات کی مکمل چھان بین کا آغاز کیا جائے گا۔
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.