کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (CCP) نے سی سی ایل ہولڈنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو مچلز فروٹ فارمز لمیٹڈ کے 40.63 فیصد شیئرز کے حصول کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ یہ شیئرز سیدہ میمانت محسن اور سیدہ متانت غفار سے خریدے جائیں گے، جس کے لیے باقاعدہ شیئر پرچیز ایگریمنٹ طے پایا ہے۔

کمیشن نے اس ڈیل کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد واضح کیا ہے کہ یہ معاہدہ مارکیٹ میں غلبے کا باعث نہیں بنے گا اور نہ ہی اس سے مسابقت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ کمیشن نے متعلقہ پروڈکٹ مارکیٹ کی وضاحت "جام، جیلی، سوسز، کنفیکشنری اور مشروبات” کے طور پر کی ہے۔
سی سی ایل ہولڈنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ، جو سابقہ ڈی ایچ ایس فارما کے نام سے جانی جاتی تھی، ایک ہولڈنگ کمپنی ہے اور خود کسی قسم کی مینوفیکچرنگ یا تجارتی سرگرمی میں براہِ راست ملوث نہیں ہے۔ تاہم، اس کا گروپ آف کمپنیز بنیادی طور پر ہیلتھ کیئر اور دواسازی کے شعبے میں سرگرم ہے۔
دوسری جانب، مچلز فروٹ فارمز لمیٹڈ ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے جو پاکستان میں کنفیکشنری، گروسری اور متعلقہ مصنوعات کی تیاری اور فروخت میں ایک معتبر مقام رکھتی ہے۔
یہ معاہدہ مقامی مارکیٹ میں انویسٹمنٹ، اعتماد اور صنعتی ترقی کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
