پاکستانی اداکارہ فائزہ حسن نے کہا ہے کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو مناسب انداز میں ’ایکسٹرا میریٹل افیئر‘ کے بارے میں آگاہ کریں۔
حال ہی میں اداکارہ نے ایک انٹرویو کے دوران جنریشن زی (جین زی) کی پرورش اور نئی نسل کے زیادہ باشعور اور سمجھدار ہونے کے موضوع پر گفتگو کی۔
غیر ملکی میڈیا نے شہزادی لیونور کو جنریشن زیڈ کی “حتمی شاہی وارث” قرار دے دیا
اس گفتگو کے دوران ان سے یہ سوال بھی کیا گیا کہ کیا بچوں کو دھوکا دہی اور شادی کے بعد ہونے والے تعلقات یعنی ایکسٹرا میریٹل افیئر کے بارے میں بتایا جانا چاہیے اور کیا انہیں یہ سکھانا ضروری ہے کہ یہ ایک غلط عمل ہے۔
اس سوال کے جواب میں فائزہ حسن نے کہا کہ جی ہاں، بچوں کو نرم اور بالواسطہ انداز میں یہ سمجھایا جا سکتا ہے کہ دھوکا دینا یا بے وفائی کرنا درست عمل نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی خبر میں ایسا واقعہ سامنے آئے یا کسی ڈرامے میں اس طرح کا موضوع دکھایا جائے تو اس موقع پر اس عمل کی حوصلہ شکنی کی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق بچوں کو براہِ راست لیکچر دینا مناسب نہیں ہوتا کیونکہ اس طرح بچے اکثر چِڑ محسوس کرنے لگتے ہیں۔
فائزہ حسن نے کم عمری میں شادی کرنے والے نوجوانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کم عمر میں شادی کرنا کوئی بری بات نہیں، تاہم اس سے پہلے اپنی فلاح و بہبود اور مستقبل کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا ضروری ہے۔
اداکارہ کے مطابق نوجوانوں کو پہلے مالی طور پر خودمختار ہونا چاہیے اور اس کے بعد شادی کے بارے میں فیصلہ کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیریئر بنانے کے دور میں اکثر لوگ جلدی شادی کے بارے میں سوچنے لگتے ہیں، جبکہ سب سے پہلے خود کو مستحکم بنانا زیادہ ضروری ہوتا ہے۔