سینیئر بھارتی اداکارہ 87 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں

0

 

ممبئی: بھارت کی سینئر اداکارہ اور لیجنڈری فلم ساز وی شانتارام کی اہلیہ سِندھیا شانتارام 87 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، اداکارہ سندھیا شانتارام جمعے کی شام ممبئی میں انتقال کر گئیں، جب کہ ان کی آخری رسومات ہفتے کے روز ادا کی گئیں۔

سندھیا شانتارام نے 1950، 60 اور 70 کی دہائیوں میں اپنی شاندار اداکاری اور رقص میں مہارت کے باعث فلمی دنیا میں بےپناہ شہرت حاصل کی۔ وہ ہندی اور مراٹھی دونوں زبانوں کی فلموں میں جلوہ گر ہوئیں اور اپنی دلکش پرفارمنس کے ذریعے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائی۔

ان کی مشہور ترین فلموں میں 1955 کی ’جھنک جھنک پائل بجے‘ اور 1957 کی ’دو آنکھیں بارہ ہاتھ‘ شامل ہیں، جنہیں بھارتی سنیما کی کلاسک فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، 1959 میں ریلیز ہونے والی فلم ’نو رنگ‘ میں ان کی شاندار کارکردگی نے بھی شائقین کو بےحد متاثر کیا۔

مہاراشٹر کے وزیرِ ثقافتی امور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اداکارہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے فنی سفر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

اداکارہ کے انتقال پر بھارتی شوبز انڈسٹری کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا، اور ان کے فنی خدمات کو بھارتی فلمی ورثے کا اہم حصہ قرار دیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.