سائنس دانوں نے زمین کی پیدائش کے ابتدائی دور کی چٹان دریافت کر لی
سائنس دانوں نے زمین کی پیدائش کے ابتدائی دور کی قدیم ترین چٹان دریافت کر لی ہے، سائنس دانوں نے اس کی عمر 4.16 ارب سال قرار دے دی۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈا میں زمین کی قدیم ترین چٹان دریافت ہوئی ہے، یہ شمال مشرقی صوبے کیوبیک میں ہڈسن بے کے مشرقی ساحل کے ساتھ، اِنیکجوئک کی میونسپلٹی اِن یوئٹ (Inuit) کے قریب واقع آتش فشانی چٹان کی ایک گرین اسٹون بیلٹ میں دریافت ہوئی ہے۔
نئی جانچ سے پتا چلا ہے کہ یہ زمین کی قدیم ترین چٹانیں ہیں، سائنسی جانچ کے 2 مختلف طریقوں سے پتا چلا ہے کہ شمالی کیوبک میں نووواگیٹوک گرین اسٹون بیلٹ نامی علاقے میں موجود یہ چٹانیں 4.16 ارب سال پہلے کی ہیں، یہ چٹان زمین کی تخلیق کے فوری بعد والے عہد ’ہڈین ایون‘ کی نشانی مانی جا رہی ہے۔
زمین کی تاریخ کے 4 بڑے ادوار میں ہڈین پہلا دور ہے، جو 4.6 ارب سال پہلے شروع ہوا تھا، سائنس دانوں کے مطابق دریافت چٹان زمین کی قدیم ترین پرت کا بچا ہوا حصہ ہے، زمین کی سابقہ قدیم ترین چٹان اکاسٹانائیس کمپلیکس کو 4.3 ارب سال پرانا مانا جاتا تھا، خیال رہے کہ چٹانوں کی عمر معلوم کرنے کے لیے ریڈیو میٹرک ڈیٹنگ کا طریقہ استعمال کیا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق دریافت چٹان ابتدائی سمندری فرش کا بچا ہوا ٹکڑا ہو سکتی ہے، اور تحقیق سے ابتدائی زمین پر زندگی کے آغاز سے متعلق اشارے مل سکتے ہیں۔
