پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 20 نومبر سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کیں، جن کا دائرہ نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ کے اضلاع تک پھیلا ہوا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
وفاقی آئینی عدالت کا قیام درست سمت میں پیش رفت ثابت ہو رہا ہے: اعظم نذیر تارڑ
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ 20 نومبر کو نوشکی میں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 8 خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ کارروائی کے بعد علاقے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 21 نومبر کو سبی میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے کارروائی کی گئی، جس کے دوران مزید 2 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ 22 اور 23 نومبر کو پنجگور اور کیچ کے علاقوں میں دو الگ الگ کارروائیاں کی گئیں، جن میں دہشت گردوں کے دو ٹھکانے تباہ کر دیے گئے، جبکہ ان کارروائیوں کے دوران مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔


