کوٹ ادو: پسند کی شادی کی اجازت نہ ملنے پر نوجوان نے خود کو آگ لگا لی، 60 فیصد جسم جھلس گیا
تونسہ موڑ میں نوجوان نے مبینہ طور پر دلبرداشتہ ہو کر خود پر ڈیزل چھڑک کر آگ لگا لی، تشویشناک حالت میں نشتر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
کوٹ ادو کے علاقے تونسہ موڑ میں پسند کی شادی کی اجازت نہ ملنے پر ایک نوجوان نے مبینہ طور پر خود پر ڈیزل چھڑک کر آگ لگا لی، جس کے نتیجے میں وہ شدید جھلس کر زخمی ہو گیا

ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کے باعث نوجوان کے جسم کا 60 فیصد سے زائد حصہ جھلس گیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے تشویشناک حالت میں نشتر اسپتال ملتان کے برن یونٹ منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
اہلخانہ کے مطابق نوجوان پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا، تاہم اجازت نہ ملنے پر وہ دلبرداشتہ ہو گیا اور اس نے انتہائی قدم اٹھایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں سے معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔



