سی ڈی اے کے دفتری امورڈیجیٹلائز کرنے کا سلسلہ جاری

0

اسلام آباد(نیوزڈیسک) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی ہدایت پر ممبر ٹیکنالوجی و ڈیجٹلائزئشن اور متعلقہ شعبہ جات کی جانب سے سی ڈی اے کے تمام دفتری امور کو تیزی سے ڈیجیٹلائز کرنے کا سلسلہ جاری ہے. اسی سلسلے میں جمعرات کے روز سی ڈی اے اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے مابین ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے. اس معاہدے کے تحت جدید پراپرٹی منجمنٹ سسٹم کو متعارف کروایا جائے گا تاکہ شہریوں کی جائیداد اور پراپرٹی کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے میں مدد ملنے کے ساتھ ساتھ جدید طریقے سے انکی پراپرٹی کے ریکارڈ کو محفوظ بنایا جاسکے.

تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے اور پی آئی ٹی بی کے مابین ہونے والے معاہدے کے مطابق ای آفس کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ پراپرٹی سے متعلق تمام انفارمیشن میں شفافیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ریکارڈ مسنگ یا ریکارڈ کے لیک ہونے سمیت ریکارڈ ٹمپرنگ سے نجات کو ممکن بنایا جاسکے. اور ریکارڈنگ کو جدید طریقے سے محفوظ بھی بنایا جاسکے.

مزید برآں اس اقدام کا مقصد کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو "سمارٹ گورننس” کے دائرے میں جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے لیس کرکے اسے مزید بااختیار بنانا ہے. اور جدید ترین ٹولز کو بروئے کار لاتے ہوئے سی ڈی اے کا مقصد اپنے فیصلہ سازی کے عمل کو بڑھانا اور بالآخر اتھارٹی کے لئے ای-امپاورمنٹ حاصل کرنا ہے. تاکہ تمام شہریوں اور درخواست دہندگان کو ان کی الاٹمنٹ، ٹرانسفر اور دیگر خدمات کی تیز رفتار کارروائی کے لئے سہولت فراہم کی جاسکیں. اس اقدام سے شہریوں کی جائیداد اور اراضی کے ریکارڈ کو محفوظ کرنے میں مدد ملے گی اسی طرح کسی بھی قسم کے ریکارڈ کو آئی ڈی اور مخصوص پاس ورڈ کی بدولت سنگل کلک پر اسکی رسائی ممکن ہوگی. اس منصوبے کا بنیادی پہلو "سمارٹ ایپلی کیشنز” متعارف کرانے اور اسلام آباد کے شہریوں میں ای-امپاورمنٹ کو فروغ دینا ہے تاکہ ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے کاغذ پر مبنی روایتی عمل پر انحصار کو کم سے کم کیا جاسکے تاکہ ماحول دوست نظام کو فروغ دیا جاسکے.

واضح رہے اس معاہدے کے تحت ای فائلنگ سسٹم کو بھی متعارف کروایا جائے گا یہ تمام ڈیٹا سنٹرل ڈیٹا بیس کے ساتھ منسلک ہوگا تاکہ شعبہ بلڈنگ کنٹرول، اسٹیٹ، لینڈ سمیت دیگر متعلقہ شعبہ جات کو سنگل کلک پر مطلوبہ ریکارڈ تک رسائی ہوسکے. اسی طرح مطلوبہ ریکارڈ تک رسائی کرنے والی آئی ڈی اور اسکے ریکارڈ کو محفوظ رکھنا بھی سسٹم کے اندر شامل ہوگا تاکہ شفافیت کے عمل کو ہرممکن طریقے سے برقرار رکھا جاسکے. واضح رہے شہریوں کی اراضی اور جائیداد کا ریکارڈ جہاں ڈیجٹلائز طریقے سے محفوظ بنایا جائے وہیں اس ریکارڈ کو روایتی طریقے سے بھی محفوظ بنانے کا عمل جاری رہے گا.

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے مابین ہونے والے اس معاہدے سے شعبہ اسٹیٹ، ون ونڈو آپریشنز، لینڈ سمیت بلڈنگ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ بہتر طریقے سے سٹی منجمنٹ سسٹم میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں گے.

Leave A Reply

Your email address will not be published.