وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 9 اپریل کو لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، اور جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی راولپنڈی خان عاقل خان نے جلسے کی اجازت کے لیے درخواست جمع کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا تمام شہروں میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ فری کرنے کا اعلان
درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف ایک پرامن اور ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، اور پی ٹی آئی ملک میں آئین اور قانون کی سربلندی کے لیے کوشاں ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ راولپنڈی میں جلسہ کرنا پاکستان تحریک انصاف کا آئینی حق ہے اور اس کے لیے اجازت دی جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران سہیل آفریدی نے اعلان کیا تھا کہ وہ 9 اپریل کو لیاقت باغ میں جلسہ کریں گے اور کے پی سمیت پورے پاکستان سے لوگوں کو راولپنڈی بلائیں گے۔ یہ ایک دن کا جلسہ ہوگا، اور اگر این او سی نہ دیا گیا تو جہاں روکا گیا وہاں احتجاجی جلسہ کیا جائے گا۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ انہوں نے تمام جمہوری، آئینی اور قانونی راستے اپنائے ہیں، لیکن کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، ان کے کیسز لگ رہے ہیں اور بانی سے ملاقاتوں کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔ لہٰذا اب احتجاج کا راستہ ہی بچا ہے، اور وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بھرپور مزاحمت اور احتجاج کریں گے۔