اسلام آباد: ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چھاپہ مار کر انسانی سمگلنگ میں ملوث ایک ایجنٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔
رواں سال کے ایم سی کراچی کے انفرا اسٹرکچرپر 75 ارب روپے خرچ کرےگی: مرتضی وہاب
ملزم خود کو ایف آئی اے کا سب انسپکٹر ظاہر کرکے امیگریشن کلیرنس کے نام پر سادہ لوح افراد کو لوٹتا تھا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون شہزاد ندیم بخاری کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہ کا ایک سرگرم رکن نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور راولپنڈی اسلام آباد میں سرگرم ہے۔
اس اطلاع پر ڈائریکٹر ایف آئی اے نے ایڈیشنل ڈائریکٹر انسداد انسانی اسمگلنگ سیل اسلام آباد ندیم ظفر کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی۔ اس دوران مذکورہ جعلی سب انسپکٹر کا ایک متاثرہ شخص بھی سامنے آیا جس کی نشاندہی پر ایف آئی اے کی ٹیم نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر چھاپہ مار کر ملزم امتیاز نذر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ملزم کے قبضے سے تین موبائل فون اور ایف آئی اے کا جعلی سروس کارڈ برآمد کر لیا گیا۔ موبائل فونز سے متاثرین اور سہولت کاروں سے متعلق معلومات ملی ہیں۔ ملزم کو سیل منتقل کر کے اس کے خلاف ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی اسلام آباد میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ تفتیش میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔