کراچی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر کے خلاف کراچی کی ضلعی عدالت میں مقامی وکیل کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل پٹیشن نمبر 1095/26 ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج و ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ ویسٹ 1 میں دائر ظاہر کی گئی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف یہ پٹیشن ہائیکورٹ کے وکیل جمشید خواجہ نے دائر کی ہے جس میں ایس ایس پی کمپلین سیل اور ایس ایچ او ڈاکس کو فریق دوئم و سوئم بنایا گیا ہے جبکہ فریق چہارم میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر کو شامل کیا گیا ہے۔
جیلوں میں ڈرون سے منشیات اسمگل کرنے والا گینگ 22 سال قید کی سزا کا مستحق قرار
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی کی عدالت میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کا موقف ہے کہ امریکا اور اسرائیل کئی برسوں سے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور لاکھوں ایرانی شہریوں کو دھمکیاں دے رہے تھے۔
مزید کہا گیا کہ 16 اور 25 فروری کو نریندر مودی نے افغان طالبان کے سربراہ کے ساتھ مل کر پاکستان پر حملے کیے جبکہ امریکا و اسرائیل نے ایران پر 300 سے زائد حملے کر کے ایرانی سپریم لیڈر کو شہید کیا۔ درخواست گزار کے مطابق ان حملوں سے وہ خود اور لاکھوں مسلمان ذہنی اور جسمانی اذیت کا شکار ہوئے۔
عدالت نے پراسکیوشن، ایس ایس پی کمپلین سیل کیماڑی اور ایس ایچ او ڈاکس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 5 مارچ تک جواب طلب کر لیا ہے۔ تاہم مزید تفصیلات کے لیے مذکورہ وکیل سے رابطہ کیا گیا مگر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔