لاہور میں سرحدی کشیدگی کے باعث حساس تنصیبات، سی پیک منصوبوں اور غیر ملکی مشنز کی سکیورٹی بڑھانے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت پاکستان نے پاک افغان سرحد پر کشیدہ صورتحال اور بڑھتے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کو سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایران کے ساتھ جنگ میں 3 امریکی فوجی مارے گئے: امریکی سینٹرل کمانڈ
وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات کی جانب سے جاری مراسلے میں موجودہ حالات کو بڑھا ہوا خطرہ قرار دیتے ہوئے فوری اور جامع اقدامات پر زور دیا گیا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز اور اسلام آباد کے چیف کمشنر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ موجودہ سکیورٹی ماحول کے تناظر میں حفاظتی اقدامات کو مؤثر اور مربوط بنایا جائے۔
مراسلے میں تمام حساس تنصیبات، اہم سرکاری عمارتوں، عوامی مقامات، عبادت گاہوں، غیر ملکی سفارتی مشنز اور پاک چین اقتصادی راہداری سے منسلک منصوبوں کی سکیورٹی فوری طور پر بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
صوبائی حکام کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ رکھنے، داخلی و خارجی راستوں، بین الصوبائی سرحدوں اور چیک پوسٹوں پر سخت نگرانی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ نے ملک بھر میں کواڈ کاپٹرز اور بغیر پائلٹ طیاروں کی آؤٹ ڈور پروازوں پر فوری پابندی عائد کر دی ہے جو آئندہ احکامات تک نافذ العمل رہے گی۔