امریکا اور اسرائیل کے حملے میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر کراچی میں متعدد سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند کر دی گئی ہیں۔
پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں ایرانی قوم کے ساتھ کھڑا ہے،صدرمملکت
پی آئی ڈی سی چوک سے ایم ٹی خان روڈ جانے والا پل بند کر دیا گیا ہے جبکہ ایم ٹی خان روڈ پر سلطان آباد کے مقام پر بھی کنٹینرز رکھ کر سڑک بند کی گئی ہے۔ بوٹ بیسن سے مائی کولاچی بائی پاس جانے والا راستہ بھی بند ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ایم ٹی خان روڈ سے پی آئی ڈی سی روڈ اور مائی کولاچی روڈ ریلوے پھاٹک تک بند ہیں۔
ادھر شارع فیصل پر ایف ٹی سی سے جناح اسپتال موڑ تک جانے والا ٹریک ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شارع فیصل کو ایف ٹی سی کے قریب عام ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے جبکہ ایف ٹی سی سے میٹرو پول جانے والی سڑک بھی رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کی گئی ہے۔
ایف ٹی سی آنے والے ٹریفک کو گورا قبرستان سے یوٹرن لے کر صدر کی جانب بھیجا جا رہا ہے۔ متعدد سڑکوں کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔