لاہور : پنجاب میں پہلی بار مفت میت منتقلی سروس شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں میت کو اسپتال سے گھر منتقل کرنے کے لیے مفت ایمبولینس سروس کی منظوری دے دی گئی۔
سر پر چھت اور ایک وقت کی روٹی کیلئے روسی نوجوان کا انتہائی قدم
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے بڑے سرکاری اسپتالوں اور ہر تحصیل میں سرکاری وہیکل سروس کے اجرا کے لیے منصوبہ طلب کر لیا اور ہدایت کی کہ پنجاب کی ہر تحصیل میں اسپتال سے گھر میت کی منتقلی کے لیے کم از کم ایک وین دستیاب ہوگی۔
مرحوم کے لواحقین 1122 پر کال کر کے یا اسپتال کے کاؤنٹر سے رابطہ کر کے مفت وین سروس حاصل کر سکیں گے، جبکہ میت منتقلی سروس کی نگرانی اسمارٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت کی جائے گی۔
اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ میت کو اسپتال سے کسی دوسرے شہر منتقل کرنے کی سہولت بھی بغیر کسی معاوضے کے فراہم کی جائے گی۔
مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں نجی ایمبولینس سروس کو باقاعدہ ضابطے میں لانے پر بھی اتفاق کیا گیا اور پرائیویٹ ایمبولینس سروسز کے نرخ مقرر کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔