لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بینائی متاثر ہونے کی خبروں کو تشویشناک قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جیل سخت ہو یا نرم، اپنے قیدی کو ایک بیماری کا تحفہ ضرور دیتی ہے، یہ جگ بیتی بھی ہے اور آپ بیتی بھی۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بینائی متاثر ہونے کی خبریں تواتر سے آرہی ہیں اور یہ پریشان کن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فوری اور مؤثر علاج ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مریض قیدی ہو اور سیاسی مخالف بھی ہو تو اس کے حقوق کی حفاظت کرنا اور بھی زیادہ اہم ہو جاتا ہے۔
عمران خان جس ڈاکٹر سے آنکھ کا چیک اپ کرانا چاہیں کروایا جائے گا: رانا ثنااللہ
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس موقع پر ان کے دورِ حکومت میں سیاسی مخالفین سے بدسلوکی کے واقعات دہرانا اعلیٰ ظرفی نہیں ہوگا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر سرکاری مؤقف جاری کیا جائے اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
ادھر سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ سابق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف مقدمہ دائر کیا جائے گا، جبکہ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں عمران خان کی جانب سے یہ انکشاف بھی کیا گیا کہ ان کی دائیں آنکھ کی بینائی 85 فیصد تک ختم ہو چکی ہے۔