لاہور میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں دوبارہ سر اٹھانے والی دہشت گردی کے پیچھے پاکستان تحریک انصاف کا ہاتھ ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی دین یا مذہب نہیں ہوتا، ان کا واحد نظریہ دہشت پھیلانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر حساس مقامات کی حفاظت کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا لنڈی کوتل کا دورہ، شہیدکیپٹن عباس خان کے اہلخانہ سے تعزیت کی
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ خودکش حملہ آور افغانستان گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر صورت دہشت گردوں کا تعاقب کرے گی، دہشت گردوں کے لیے کسی قسم کی کوئی گنجائش نہیں اور ان کا مکمل خاتمہ کر کے ہی دم لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عموماً سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں، اس واقعے میں ملوث ہینڈلرز کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور انہیں نشان عبرت بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خودکش دہشت گرد کی شناخت ہو چکی ہے اور اسی بنیاد پر تحقیقات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ ایک وقت تھا جب خودکش دھماکے ختم ہو چکے تھے، پھر ایک حکومت آئی اور کہا گیا کہ یہ پرامن لوگ ہمارے بھائی ہیں اور ان سے بات چیت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان خان کی اس سوچ کا خمیازہ آج پاکستانی عوام بھگت رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے ماضی میں ان دہشت گردوں کو علاقے سے نکال کر دہشت گردی کا خاتمہ کیا تھا، مگر اب جو دہشت گردی دوبارہ واپس آئی ہے اس کے پیچھے پی ٹی آئی ہے۔