بسنت کے موقع پر لاہور میں ایک نوجوان جاں بحق، پانچ افراد زخمی

بسنت کے موقع پر لاہور میں ایک نوجوان جاں بحق، پانچ افراد زخمی

0

لاہور میں بسنت کے موقع پر پیش آنے والے مختلف افسوسناک واقعات میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں پتنگ بازی کے دوران پیش آنے والے حادثات نے خوشی کے اس تہوار کو غم میں بدل دیا۔

اداکار راج پال یادو کی درخواست مسترد، تیہار جیل میں گرفتاری دیدی

ریسکیو حکام کے مطابق باغبانپورہ کے علاقے میں سکھ نہر کے قریب پچیس سالہ علی رشید کٹی پتنگ اتارنے کے لیے بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا۔ اس دوران اسے اچانک کرنٹ لگ گیا جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو ٹیم نے لاش کو ضروری کارروائی کے بعد منتقل کر دیا۔

دوسری جانب ڈیفنس فیز فائیو میں پتنگ کی تیز دھار ڈور گردن پر پھرنے سے نوجوان رافع زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسی طرح گلشن راوی میں بھی ڈور پھرنے کے واقعات پیش آئے جہاں آٹھ سالہ ارسہ اور پینتالیس سالہ شبیر زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق لوئر مال کے علاقے میں بارہ سالہ عبد الواحد پتنگ لوٹنے کے دوران زخمی ہوگیا۔ وہ تیزی سے دوڑتے ہوئے گر پڑا جس سے اسے چوٹیں آئیں۔ ایک اور واقعہ گلشن راوی میں پیش آیا جہاں چودہ سالہ سلمان درخت پر چڑھ کر پتنگ اتارنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس دوران توازن برقرار نہ رکھ سکا اور گر کر زخمی ہوگیا۔

تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بسنت کے موقع پر پتنگ بازی کے باعث ہر سال اس نوعیت کے حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے، خصوصاً بجلی کے کھمبوں پر چڑھنے اور تیز دھار ڈور کے استعمال سے جانی نقصان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی جان کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور خطرناک انداز میں پتنگ بازی یا کٹی پتنگ لوٹنے سے گریز کریں تاکہ مزید قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.