بلتستان ریجن کے چاروں اضلاع میں یومِ یکجہتیٔ کشمیر ملی جوش و جذبے اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا

بلتستان ریجن کے چاروں اضلاع میں یومِ یکجہتیٔ کشمیر ملی جوش و جذبے اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا

0

بلتستان ریجن کے چاروں اضلاع سکردو، شگر، گانچھے اور کھرمنگ میں ملک بھر کی طرح یومِ یکجہتی کشمیر ملی جوش و جذبے اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مظلوم کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیوں، تقاریب اور جلسوں کا انعقاد کیا گیا جن میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

ڈیپ فیک اور اے آئی مواد حکومت و معاشرے دونوں کیلیے بڑا چیلنج ہے، شرجیل میمن

سکردو میں یومِ یکجہتیٔ کشمیر کی مرکزی تقریب انتظامی کمپلیکس میں منعقد ہوئی جہاں نگران مشیر برائے سوشل ویلفیئر، بہبودِ آبادی، ترقیٔ نسواں و تحفظِ اطفال سیدہ فاطمہ موسوی نے پرچم کشائی کی۔ انتظامی کمپلیکس سے محب چوک تک ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں صوبائی مشیر سیدہ فاطمہ موسوی، کمشنر بلتستان کمال خان، ڈپٹی کمشنر سکردو حمزہ مراد، ضلعی انتظامیہ کے افسران، اساتذہ، طلبہ، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مظلوم کشمیری عوام کے حق میں نعرے درج تھے جبکہ شرکاء نے بھارتی مظالم کے خلاف اور حقِ خودارادیت کے حق میں فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔ ریلی محب چوک پہنچ کر ایک بڑے جلسے کی صورت اختیار کر گئی۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر سیدہ فاطمہ موسوی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں اور پاکستان کا ہر فرد ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انہیں حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر پروفیسر موسیٰ کلیم سمیت دیگر مقررین اور اسکول و کالج کے طلبہ نے بھی خطاب کیا۔ طلبہ نے تقاریر اور ملی نغموں کے ذریعے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہدِ آزادی کو ہر سطح پر اجاگر کیا جاتا رہے گا۔

یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر بلتستان کے دیگر اضلاع شگر، گانچھے اور کھرمنگ کے علاوہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ روندو میں بھی ریلیاں اور تقریبات منعقد ہوئیں جہاں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے کشمیری عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔

آخر میں یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریری، مضمون نویسی اور ملی نغمہ جات کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.