کراچی: سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس آغا فیصل سانحہ گل پلازہ کی جوڈیشل انکوائری کریں گے۔
سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دے دیا ہے۔ جوڈیشل کمیشن سانحہ گل پلازہ کی مکمل تحقیقات کرے گا، آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جائے گا اور گل پلازہ کی تعمیر میں بلڈنگ پلان کی خلاف ورزیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
’والد کی صحت بگڑرہی ہے، ہم پاکستان جانا چاہتے ہیں‘، قاسم خان کا سوشل میڈیا پر پیغام
جوڈیشل کمیشن آگ لگنے سے پہلے اور بعد کے ذمہ داروں کا تعین کرے گا اور 8 ہفتوں کے اندر اپنی تحقیقات مکمل کرے گا۔
واضح رہے کہ 17 جنوری 2026 کو کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع معروف شاپنگ سینٹر گل پلازہ میں آگ لگی تھی، جہاں تین روز تک آگ بھڑکتی رہی اور اس سانحے میں 70 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
کمشنر کراچی کی رپورٹ پر سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی نے عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد سندھ حکومت سے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست کی گئی تھی۔