جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لیبیا کے سابق حکمران معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی کے قتل کی مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیف الاسلام قذافی کی شہادت معمر قذافی کے خلاف استعمار کی بغاوت کے تسلسل کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قذافی خاندان امریکا اور عالمی جابروں کے خلاف جدوجہد کی علامت ہے اور اس خاندان کو عالمی استعمار کے خلاف مزاحمت کے جرم میں شہید کیا گیا۔
26 نومبر احتجاج کیس: سہیل آفریدی ودیگر کیخلاف چالان جمع نہ کروانے پر عدالت کا اظہار برہمی
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ امریکا میں کینیڈی، بھارت میں نہرو اور پاکستان میں بھٹو خاندان کو ختم کیا گیا۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ سیف الاسلام قذافی کی شہادت سے استعمار کے خلاف جدوجہد کو مزید تقویت ملے گی اور وہ قذافی خاندان اور لیبیا کے عوام سے تعزیت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لیبیا کے سابق رہنما معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی کو قتل کر دیا گیا تھا۔ سیف الاسلام قذافی کو چار افراد نے باغ میں گولی مار کر قتل کیا، جس کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔
سیف الاسلام قذافی کو طویل عرصے سے اپنے والد کا جانشین سمجھا جا رہا تھا اور 2021 میں انہوں نے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا، تاہم یہ انتخابات غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیے گئے تھے۔