اسلام آباد:
ایس آئی ایف سی کی مؤثر سفارتی اور معاشی حکمتِ عملی کے نتیجے میں پاکستان عالمی اسٹریٹجک شراکت داریوں کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
عالمی سرمایہ کاری اور بین الاقوامی شراکت داریوں کے ذریعے پاکستان تجارت، زراعت اور توانائی سمیت اہم شعبوں کو مضبوط بنا رہا ہے۔
برطانیہ نے ایرانی ادارے اور شخصیات پر نئی پابندیاں عائد کردیں
اسی سلسلے میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، معدنیات، زراعت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران پاکستان کی جانب سے دنیا کی سب سے بڑی معدنیاتی کانفرنس پراسپییکٹرز اینڈ ڈیولپرز ایسوسی ایشن آف کینیڈا 2026 میں شرکت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اس کانفرنس کے ذریعے پاکستان کے معدنی وسائل کو عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کیا جائے گا جبکہ پاکستانی کان کنی کمپنیوں کو کینیڈین ماہرین سے رابطے کے مواقع بھی حاصل ہوں گے۔
پاکستان اور کینیڈا نے ڈیری اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں تعاون پر بھی اتفاق کیا، جس میں جدید فارمنگ، جینیٹکس اور وباؤں پر قابو پانے کے ذریعے پیداوار اور معیار بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔ پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے شعبے میں کینیڈین سرمایہ کاری، بروقت منظوری اور واضح قوانین کو بھی اہم قرار دیا گیا۔
فریقین نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے اور نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے کیے گئے کامیاب اقدامات اور دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع قومی معیشت کے لیے روشن مستقبل کی نوید ہیں، جبکہ ایس آئی ایف سی ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی استحکام میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔