وفاقی وزیر مملکت مصدق ملک کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہندوتوا کا جن بے قابو ہوتا جا رہا ہے۔
ایک بیان میں مصدق ملک نے کہا کہ بھارت نے پہلے سرحدوں اور پھر پانی پر پولرائزیشن کی کوشش کی، اور اب کھیلوں کو بھی سیاست کی نذر کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل امن کا گہوارہ ہوتے ہیں، جب کھلاڑی میدان میں اترتے ہیں تو رنگ، نسل اور زبان پیچھے رہ جاتی ہے اور سب اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کرتے ہیں۔
پاک بھارت میچ نہ ہونے سے بھارتی براڈ کاسٹرز کو 141 ارب روپے نقصان کا خدشہ
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہی کھیلوں کا اصل حسن ہے اور کرکٹ جیسے کھیل کو سیاسی بنانا بھارت کا انتہائی گھناؤنا اقدام ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کا احتجاج اور بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ بالکل درست ہے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے 6 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کے دوران سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد پاکستان نے بنگلا دیش کے اس مؤقف کی حمایت کی تھی۔
تاہم آئی سی سی نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے اس مؤقف کو تسلیم نہیں کیا اور بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹی 20 ورلڈکپ 2026 میں شامل کر لیا۔ آئی سی سی کی بھارت نواز پالیسیوں اور بنگلا دیش کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے پر پاکستان نے سخت مؤقف اختیار کیا ہے اور ٹورنامنٹ میں بھارت سے میچ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔