کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ احتجاج کرنے والے اپنا کام کریں، لیکن عوام کو تکلیف نہیں پہنچائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس صرف ایک صوبائی سیٹ ہے، تاہم احتجاج ہر کسی کا حق ہے، لیکن احتجاج کرنے والوں کو چاہیے کہ وہ اپنا کام کریں اور عوام کو مشکلات میں نہ ڈالیں۔
شاہد آفریدی کا پاکستان کے ورلڈ کپ میں بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر ردعمل آگیا
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تاحال بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے، جبکہ سندھ میں بلدیاتی نظام موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز شارعِ فیصل تین سے چار گھنٹے تک بلاک رہی، جو کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
سانحہ گل پلازہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ اس واقعے پر بے حد افسردہ ہیں اور اس کی جوڈیشل انکوائری کے احکامات پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، حالانکہ اس المناک واقعے پر پوری قوم غمزدہ ہے اور اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گل پلازہ واقعے میں جاں بحق 26 افراد کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے کے چیکس پہنچا دیے گئے ہیں، مگر اس موقع پر کسی قسم کی تشہیر نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جب متاثرین کو 26 چیکس دیے گئے تو کسی کو خبر تک نہیں ہوئی کیونکہ ہم متاثرین کی مدد تصاویر یا سیاسی فائدے کے لیے نہیں کرتے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور جہاں فیصلے کرنے ہوں گے وہاں بلا خوف و خطر کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی۔