پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا رات گئے اجلاس ہوا، جس کے بعد پارٹی نے بانی پی ٹی آئی کی صحت اور ملاقاتوں سے متعلق تفصیلی اعلامیہ جاری کیا۔
اعلامیے کے مطابق کور کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں فوری طور پر تفصیلات فراہم کی جائیں اور ان کا معائنہ شفافیت کے لیے شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹرز سے کروایا جائے۔
کور کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی سے فیملی، سیاسی رفقاء اور وکلاء کی ملاقاتیں روکنے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ ملاقاتوں میں غیر ضروری تاخیر ناقابل قبول ہے۔ اگر ملاقاتوں میں تاخیر کا سلسلہ جاری رہا تو خیبرپختونخوا سمیت دیگر شہروں میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام کی کال دی جا سکتی ہے۔
کور کمیٹی نے سلمان اکرم راجا اور بیرسٹر گوہر کو ہدایت دی ہے کہ ملاقاتوں سے متعلق مقدمات کو جلد از جلد عدالتوں میں فکس کروایا جائے اور اپوزیشن لیڈر اس معاملے کو سینیٹ، قومی اسمبلی سمیت ہر پارلیمانی فورم پر بھرپور طریقے سے اٹھائیں۔ کور کمیٹی کے ارکان کو 8 فروری کو شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام کال کے لیے ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔