لاہور میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین کے قونصل جنرل ژاو شیرین نے ملاقات کی، جس میں محسن نقوی نے ژاو شیرین کی بطور چینی قونصل جنرل خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران چینی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان میں ان کا قیام نہایت خوشگوار رہا اور پاک چین دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے انہوں نے بھرپور کردار ادا کیا۔
خاتون کی رضامندی کے بغیر طلاق کو خلع میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا، سپریم کورٹ
ژاو شیرین نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بطور وزیر داخلہ انہوں نے پاک چین دوستی کو مضبوط بنانے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔ اس موقع پر محسن نقوی نے اپنے حالیہ دورہ چین کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ چینی وزیر پبلک سیکیورٹی سے ملاقات انتہائی خوشگوار اور سودمند رہی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مفادات کے شعبوں میں باہمی تعلقات مزید فروغ پا رہے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ وہ ستمبر میں دوبارہ چین کا دورہ کریں گے اور اپنے بھائی سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات کے اختتام پر وزیر داخلہ نے چینی قونصل جنرل ژاو شیرین کو کھلاڑیوں کے دستخط شدہ کرکٹ بیٹ کا تحفہ پیش کیا، جبکہ ژاو شیرین نے وزیر داخلہ کو چینی صدر کی کتاب بطور تحفہ دی۔ دونوں رہنماؤں نے پاک چین دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔