حکومت پاکستان نے آئندہ 3 سال میں دو ارب 75 کروڑ ڈالر مالیت کے بین الاقوامی بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت رواں ماہ کے آخر یا فروری میں 25 کروڑ ڈالر مالیت کے پانڈا بانڈ کے اجرا کی حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پانڈا بانڈز کی مالیت کو بتدریج ایک ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے چین کے علاوہ عالمی کیپٹل مارکیٹ سے بھی رجوع کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ اگلے مالی سال تک بانڈز کا حجم بڑھ کر ایک ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ مالی سال 28-2027 میں انٹرنیشنل مارکیٹ میں مزید 1.5 ارب ڈالر کے بانڈز جاری کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ بین الاقوامی بانڈز کے اس اجرا سے بیرونی کمرشل فنانسنگ میں بہتری آئے گی، جس سے آنے والے برسوں میں فنانسنگ گیپ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
مزید برآں، عالمی ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ حکام کا ماننا ہے کہ میکرو اکنامک صورتحال میں مزید استحکام سے بیرونی فنانسنگ کے حصول میں آسانی پیدا ہوگی۔