ترجمان دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہرپن داس ماڈل ویلیج میں 10 اور 17 مرلہ رہائشی پلاٹس کی معاہدہ 2025 کے تحت قرعہ اندازی کی جا رہی ہے۔ اس مرحلے پر پلاٹس کی حتمی الاٹمنٹ یا مکمل حوالگی نہیں دی جا رہی۔ پلاٹس کی باقاعدہ حوالگی ہرپن داس ماڈل ویلیج میں جاری تمام تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے بعد عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان نے سوشل میڈیا پر زیر گردش “نامکمل پلاٹس کی حوالگی” سے متعلق اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ منسٹریل کمیٹی اور ڈیم متاثرین کمیٹی کے درمیان طے پانے والے معاہدہ 2025 کے مطابق واپڈا، دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کو ہرپن داس ماڈل ویلیج، چلاس میں 31 دسمبر 2025 سے قبل قرعہ اندازی مکمل کرنا تھی ۔اس سلسلے میں 29 دسمبر 2025 سے رجسٹریشن کے عمل کا آغاز ہونا تھا۔ تاہم آج ڈپٹی کمشنر دیامر کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں ڈیم متاثرین کمیٹی کے مطالبے پر یہ عمل 15 جنوری 2026 تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔
ڈیم متاثرین کمیٹی کے مطابق وہ پلاٹس کی تقسیم کے حوالے سے متاثرین سے مزید مشاورت کرنا چاہتے ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ہرپن داس ماڈل ویلیج میں زمین کو ہموار کرنے، پانی کی فراہمی، سیوریج اور دیگر اضافی ترقیاتی کام جاری ہیں، جو مکمل ہونے کے بعد تمام بنیادی سہولیات کے ساتھ پلاٹس باقاعدہ طور پر متاثرین کے حوالے کیے جائیں گے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ معاہدہ 2025 کے مطابق متاثرین کو پلاٹس 31 مئی 2026 تک حوالے کیے جانے ہیں۔ قرعہ اندازی کے اس عمل کو ضلعی انتظامیہ اور ڈیم متاثرین کمیٹی کے باہمی مشاورت سے مکمل کیا جائے گا ۔