وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مذاکرات ہمیشہ کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر ہوتے ہیں، تاہم بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ڈی این اے میں مذاکرات کی گنجائش نہیں۔ ان کے مطابق عمران خان اصول پرست نہیں بلکہ دو سو فیصد مفاد پرست شخصیت ہیں۔
امریکا: غیرقانونی تارکینِ وطن کو کرسمس پر ملک چھوڑنے کیلئے 3 ہزار ڈالر اور مفت سفر کی پیشکش
پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے اپنی پوری سیاسی زندگی میں ذاتی مفاد کو ترجیح دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی اپنا ہاؤس ان آرڈر کر لے تو معاملات آگے بڑھ سکتے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم متعدد بار پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، مگر ہر بار مذاکرات کی پیشکش کے جواب میں دوسری جانب سے شرائط سامنے آتی ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ چار سال قبل پی ٹی آئی کے ایک وزیر کے بیان کی وجہ سے پورا ایوی ایشن سیکٹر متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پی آئی اے کی کامیاب بولی لگی ہے اور حکومت کے پاس اب بھی قومی ائیرلائن کے 25 فیصد شیئرز موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار برسوں میں جس طرح پی آئی اے چل رہی تھی، اسی طرح چلتی رہتی تو بند ہو جاتی۔ نجکاری سے قومی ائیرلائن کی سروسز میں بہتری آئے گی۔