sui northern 1

انٹرنیشنل ماؤنٹین ڈے 2025 سدپارہ ماؤنٹینرنگ اسکول میں جوش و جذبے سے منایا گیا

0
Social Wallet protection 2

سکردو میں انٹرنیشنل ماؤنٹین ڈے 2025 بھرپور انداز میں منایا گیا، جہاں مرکزی تقریب ضلعی انتظامیہ سکردو، پاک آرمی، محکمہ سیاحت، اے کے آر ایس پی اور سدپارہ ماؤنٹینرنگ اسکول اینڈ ایڈونچر کلب کے تعاون سے سدپارہ ماؤنٹینرنگ اسکول میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر بلتستان ڈویژن کمال خان اور میرِ محفل کمانڈنگ آفیسر سی ایم ایچ بریگیڈیئر محمود اقبال تھے۔ اس سال عالمی دن کا موضوع "گلیشیئرز، پانی اور خوراک—پہاڑی علاقوں اور اس سے باہر زندگی کے لیے بنیادی اہمیت” رکھا گیا، جس کا مقصد پہاڑی علاقوں کے تحفظ، قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال اور مقامی آبادی کی معاونت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔

sui northern 2

خطاب کرتے ہوئے کمشنر کمال خان نے کہا کہ سدپارہ کوہ پیماؤں کی سرزمین ہے اور مستقبل میں کوہ پیمائی یہاں کے لوگوں کے لیے مضبوط اور باعزت ذریعہ معاش بن سکتی ہے۔ انہوں نے کے ٹو بیس کیمپ میں بڑھتی آلودگی پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ مہمات کے دوران جمع ہونے والا کوڑا ماحول اور پہاڑوں کے حسن دونوں کے لیے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے بیس کیمپ کی صفائی اور پہاڑی ماحول کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ کمشنر نے مزید بتایا کہ سدپارہ کو ماڈل ولیج بنانے کے منصوبے کو تمام قانونی تقاضوں کے مطابق اعلیٰ حکام سے مشاورت کے بعد آگے بڑھایا جائے گا، اور محکمہ سیاحت گلگت بلتستان کو بھی سکول کی معاونت جاری رکھنے کی تاکید کی تاکہ نوجوانوں کو مزید مواقع فراہم ہو سکیں۔ اختتام پر انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کمشنر آفس انٹرنیشنل ماؤنٹین ڈے کو سرکاری کیلنڈر ایونٹ بنانے کی کوشش کرے گا۔

تقریب میں سدپارہ کے کلائمبرز نے لائیو راک ریپلنگ کا متاثرکن مظاہرہ پیش کیا، جبکہ کوہ پیمائی کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں سول و عسکری حکام، سیاسی و سماجی رہنما، سرکاری افسران، یونیورسٹی آف بلتستان کے نمائندگان، کوہ پیما، ٹور آپریٹرز، میڈیا اور کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.