پاکستان میں ائیرپورٹس کی بڑی تعداد غیر فعال ہو چکی ہے اور تین ائیرپورٹس پر بین الاقوامی پروازیں معطل ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 151 چھوٹے بڑے ائیرپورٹس یا لینڈنگ اسٹرپس موجود ہیں، تاہم فعال یا بین الاقوامی ائیرپورٹس کی تعداد صرف 10 بتائی جاتی ہے۔ ان میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان، سیالکوٹ، پشاور، فیصل آباد اور کوئٹہ شامل ہیں جنہیں اس وقت مکمل فعال بین الاقوامی ائیرپورٹ قرار دیا جاتا ہے۔ دوسری جانب نیو گوادر، اسکردو اور نیو میرپور ائیرپورٹس بین الاقوامی درجہ رکھنے کے باوجود غیر فعال ہیں۔
نیٹکو میں کرپشن اور بے ضابطگیوں کے کیسز پر سخت کارروائی
کراچی، لاہور اور اسلام آباد کو بڑے بین الاقوامی ائیرپورٹس کہا جاتا ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ دن کے وقت ان ائیرپورٹس پر صرف چند غیر ملکی پروازیں آتی جاتی ہیں، جس کے باعث یہ عالمی معیار کے مصروف ائیرپورٹس کے ہم پلّہ نہیں رہے جہاں ملکی اور غیر ملکی پروازوں کی بڑی تعداد میں آمد و رفت ہوتی ہے۔
خطیر لاگت سے تیار ہونے والا ملک کا اہم ترین نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ بھی افتتاح کے بعد سے اب تک مکمل طور پر ویران ہے اور وہاں کوئی ملکی یا غیر ملکی پرواز نہیں چلائی جا رہی۔
ملک میں مقامی سطح کے ائیرپورٹس کی تعداد 43 ہے، جب کہ 98 انتہائی چھوٹے ائیرپورٹس، لینڈنگ اسٹرپس یا فوجی ہوا بازی کی ضروریات کے تحت استعمال ہونے والے مقامات پر مشتمل ہیں۔