نیٹکو میں کرپشن اور بے ضابطگیوں کے کیسز پر سخت کارروائی کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر نادرن ایریاز ٹرانسپورٹ کارپوریشن (نیٹکو) عثمان احمد نے تمام معاملات اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ گلگت بلتستان کے سپرد کر دیے ہیں۔
عدالت نے انجینیئر محمد علی مرزا کی ضمانت منظور کرلی
گلگت میں جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ایم ڈی نیٹکو نے کورئیر کمپنی لیپرڈز کے متعدد خطوط، موصول ہونے والی شکایات اور دستیاب شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس دوران نیٹکو بسوں کے ذریعے سامان کی ترسیل میں سنگین بے ضابطگیوں، غفلت اور سامان کے ضائع ہونے کے متعدد واقعات سامنے آئے جن پر انہوں نے سخت نوٹس لیا ہے۔
ایم ڈی نیٹکو نے ہدایت کی ہے کہ اینٹی کرپشن تمام کیسز کی مکمل، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیق کرے، ذمہ داران کا تعین کرے اور کرپشن یا غفلت کے پہلوؤں کی واضح نشاندہی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ثابت شدہ ذمہ دار افراد کے خلاف سخت تادیبی اور قانونی کارروائی کی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ مستقبل میں بھی نیٹکو میں کرپشن، بدعنوانی یا غفلت کا کوئی کیس سامنے آیا تو اسے فوری طور پر اینٹی کرپشن کے سپرد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ ادارہ شفافیت، جوابدہی اور عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر قائم ہے۔