قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ گزشتہ دنوں افغانستان نے پاکستان کے تمام احسانات کو بھلا کر سرحدوں پر کھلی جارحیت کی، جس کا پاکستانی افواج نے بھرپور جواب دیا۔
ایکس پر جاری اپنے بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور ان کی مشکلات کو اپنی مشکلات سمجھا ہے۔ پاکستان نے افغان بھائیوں کے لیے اپنی سرحدیں کھول دیں اور چالیس لاکھ افغان مہاجرین کو اپنی سرزمین پر پناہ دی۔
تھریڈز میں گروپ چیٹس کا فیچر صارفین کیلئے متعارف
شاہد آفریدی نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے احسانات کے بدلے جارحیت افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر اپنے وسائل کے مطابق 350 افغان گھرانوں کی دیکھ بھال کرتا ہوں، مگر افغانستان کو یہ سمجھنا چاہیے کہ پاکستان اس کا برادر اسلامی ملک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کو کسی ایسے ملک کے ہاتھوں استعمال نہیں ہونا چاہیے جو پہلے ہی پاکستان میں دہشت گردوں کی مدد کر رہا ہے۔