کور کمانڈرز کانفرنس نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا اور کسی بھی “نئے نارمل” کا سامنا ایک نئے، تیز اور مؤثر جوابی نارمل سے کیا جائے گا۔
یہ اجلاس 272 ویں کور کمانڈرز کانفرنس، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں منعقد ہوا، جہاں بھارتی سرپرستی میں ہونے والے دہشتگرد حملوں کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے غیر ملکی سرپرست دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز میں پاک فوج کے جوانوں کے جذبے، عزم اور قربانیوں کی تعریف کی اور سیلابی صورت حال میں امدادی و بحالی کارروائیوں میں پاک فوج کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔
کانفرنس میں دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز، اُبھرتے ہوئے خطرات اور آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ لیا گیا اور فورم نے کہا کہ پاک فوج ملکی دشمنوں کے تمام مذموم عزائم کو ہر میدان میں ناکام بنانے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ فورم نے خبردار کیا کہ مخصوص سیاسی سرپرستی میں دہشتگردی اور جرائم کا جوڑ ریاست اور عوام کے مفادات کو نقصان پہنچا رہا ہے اور یہ اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس نے بھارتی سیاسی و عسکری قیادت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا، ان بیانات کو پرانی عادت اور سیاسی مفادات کے لیے جنگی جوش و خروش بڑھانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات خطے میں کشیدگی بڑھانے اور امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
اختتام پر فورم نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور سخت جواب دیا جائے گا، دشمن کی جغرافیائی برتری کے تصور کو ہمیشہ کے لیے معدوم کر دیا جائے گا، اور کسی بھی نئے توازن یا معمول کا مقابلہ ایک نئے، تیز اور مؤثر جواب سے کیا جائے گا۔