ریلوے ٹریک پر دھماکے سے جعفر ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، 4 مسافر زخمی

0

شکارپور: گاؤں سلطان کوٹ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

پولیس کے مطابق، ریلوے ٹریک پر دھماکے سے جعفر ایکسپریس متاثر ہوئی جس کے باعث 4 مسافر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے جو متاثرہ ٹریک سے شواہد اکٹھا کر رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے، اور مسافروں کو بسوں کے ذریعے منزل تک پہنچانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

ڈی ایس ریلوے کے مطابق، متاثرہ ٹریک کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے جو 8 سے 10 گھنٹوں میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شام 5 بجے سے پہلے اس ٹریک پر کوئی ٹرین شیڈول نہیں ہے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے ایس ایس پی شکارپور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے کی فوری تفتیش کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو جلد گرفتار کیا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.