اسلام آباد: دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی 5 اکتوبر کو ورلڈ ٹیچرز ڈے جوش و خروش سے منایا گیا۔
اسلام آباد کے مختلف تعلیمی اداروں میں طلبہ نے اپنے اساتذہ کے لیے محبت اور احترام کے اظہار کے طور پر کیک کاٹا، کارڈز پیش کیے اور اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
طلبہ کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی رہنمائی اور محنت ان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ ورلڈ ٹیچرز ڈے، اساتذہ کی خدمات کو یاد کرنے اور ان کے احترام کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
اساتذہ نے بھی طلبہ کی جانب سے محبت اور خلوص کے اظہار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کی محبت ان کے لیے سب سے قیمتی تحفہ ہے، اور یہ دن انہیں اپنی ذمہ داریوں کے احساس اور تعلیمی عزم کی تجدید کا موقع دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 اکتوبر کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ استاد ہی وہ رہنما ہیں جو علم کی روشنی سے قوم کا مستقبل سنوارتے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ورلڈ ٹیچرز ڈے کے موقع پر خصوصی پیغام میں اساتذہ کرام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ استاد کی عظمت کا اعتراف محض ایک دن میں ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کا سب سے معتبر اور قابلِ احترام طبقہ ہیں، جنہوں نے طلبہ کو نہ صرف علم دیا بلکہ اخلاقی اقدار اور روایات سے بھی روشناس کرایا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب کے لاکھوں اساتذہ کرام کی محنت، لگن اور کردار کو سراہتے ہیں کیونکہ ایک اچھا استاد ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔