چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیاست کو ذاتی دشمنی میں بدلنے کا نقصان ملک کو ہوتا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق مالاکنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مالاکنڈ نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا اور شہادتیں قبول کیں۔
انہوں نے بتایا کہ 8 فروری کو موقع ہے مالاکنڈ کے اصل نمائندوں کو منتخب کریں اور ہم تمام مسائل اور مشکلات کا مل کر مقابلہ کریں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر مخالفین جشن منا رہے ہیں، یوسف گیلانی کی نااہلی پربھی مخالفین جشن منا رہے تھے مگر عمران خان کی نااہلی پرپیپلزپارٹی خوشی نہیں منارہی ہے۔
سابق وزیر خارجہ نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ 3 بار وزیر اعظم بنے اور ہر بار نفرت اور تقسیم کی سیاست کی، میاں صاحب جب جب وزیراعظم بنے انہوں نے نفرت کی سیاست کی، چوتھی باروزیر اعظم بننےکا خواہشمند آپ کے پاس آیا ہے؟ کیا مولانا فضل الرحمن ووٹ مانگنے آپ کے پاس آیا ہے؟ نوازشریف نے بھٹو کی بیٹی کے خلاف جعلی کیسز بنوائے۔
انہوں نے بتایا کہ پرانے سیاستدانوں کو پیغام ہےکہ عوام کے ساتھ ایسے نہ کھیلیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے نوجوانوں کوتبدیلی کی امید دلائی تھی بانی پی ٹی آئی خود توبہ کرے، مکافات عمل اس ہی دنیا میں دیکھنا پڑےگا، عمران خان وزیراعظم بنے تو صرف یوٹرن لیے، بانی پی ٹی آئی مخالفین کو چور چور کہتا رہا، 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کرنے والے نے کتنےگھردیے؟
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے بانی پی ٹی آئی کوکہا تھا کہ مخالفین کی گھر کی عورتوں کو گرفتار نہ کرو، آج ان کی اپنی بیوی کو جیل جانا پڑ رہا ہے، آج خان صاحب کی اہلیہ کے جیل جانے پر مجھے دکھ ہے، خان صاحب کو مکافات عمل دیکھنا پڑ رہا ہے، خان صاحب کہتے تھے میں انہیں رولاؤں گا اور آج خود رو رہا ہے۔
رہنما پیپلز پارٹی نے سوال کیا کہ ہم کب تک یہ سیاست دیکھتے رہیں گے؟ ہمیں دیکھنا پڑے گا کہ یہ کب تک یہ معاملہ چلتا رہے گا، سیاست کو ذاتی دشمنی میں بدلنے کا نقصان ملک کو ہوتا ہے۔
بلاول بھٹو نے بتایا کہ میں ان کی طرح دائیں بائیں نہیں عوام کی طرف دیکھتا ہوں،لوگ دہشتگردی اور سردی کے بہانے بنا رہے تھے، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو شیر کا راستہ روک سکتی ہے، صرف تیر ہی نوازشریف کے چوتھی بار وزیراعظم بننے کا راستہ روک سکتا ہے، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہےجوشیرکاشکارکرسکتی ہے،
ان کا کہنا تھا کہ میں نے خیبرپختونخوا سے انتخابی مہم کا آغاز کیا، الیکشن اس لیے لڑ رہا ہوں کیونکہ پاکستان خطرے میں ہے، جن دہشتگردوں کو ہم نے شکست دی وہ پھر سر اٹھا رہے ہیں، ان کی پرانی سیاست کی وجہ سے آج دہشت گرد دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں۔