بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ اور سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی کے اڈیالہ جیل میں کیے گئے طبی معائنے کی رپورٹ آگئی۔
پمز اسپتال کے ڈاکٹرز نے بشریٰ بی بی کو مکمل صحتیاب قرار دے دیا۔ جیل ذرائع نے بتایا کہ پمز اسپتال کی 2 رکنی ڈاکٹرز ٹیم نے گزشتہ روز عمران خان کی اہلیہ کا طبی معائنہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق جیل اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر بھی ڈاکٹرز کے ساتھ موجود تھیں، طبی معائنے کے بعد ڈاکٹرز نے بشریٰ بی بی کو صحت مند قرار دیا اور بتایا کہ وہ زائد عمری کے باعث اسٹریس اور چکر جیسے مسائل کا شکار ہیں۔
رپورٹس سینئر نیورولوجسٹ ڈاکٹر مظہر بادشاہ سے چیک کروانے کی استدعا کی گئی۔
واضح رہے کہ سابق خاتون اوّل کی ذاتی درخواست پر پمز اسپتال کے ڈاکٹرز کی ٹیم کل اڈیالہ پہنچی تھی، 2 رکنی میڈیکل ٹیم میں ای این ٹی اسپیشلسٹ اور نیورولوجسٹ بھی شامل تھے۔
3 ستمبر 2025 کو عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے بھائی کی صحت سے متعلق افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ ان کے ذاتی ڈاکٹروں کی موجودگی میں کیا جائے تاکہ شفافیت اور اعتماد کو یقینی بنایا جا سکے۔
علیمہ خانم کا کہنا تھا کہ عظمیٰ خان نے عمران خان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا، وہ خود ڈاکٹر ہیں بانی پی ٹی آئی بالکل ٹھیک ہیں سوشل میڈیا پر فیک خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا خبر چلانے سے پہلے ہم سے تصدیق کر لیا کریں، بانی پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں سنسنی پھیلائی جا رہی ہے۔