وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاری اور جیمز انڈسٹری کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے صوبے میں انویسٹمنٹ بورڈ کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے جبکہ سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کے بروقت حل کے لیے "ون ونڈو آپریشن” متعارف کرایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی موجودگی میں گلگت بلتستان میں اسپیشل اکنامک زون کے قیام کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط ہو چکے ہیں، جس سے علاقے میں صنعتی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
چینی وفد نے گلگت میں صنعتوں کے قیام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، جس پر وزیر اعلیٰ نے وفد کو ہدایت کی کہ وہ انڈسٹری کے قیام سے متعلق جامع پروپوزل صوبائی سیکریٹری برائے منرلز اینڈ انڈسٹریز کے پاس جمع کروائیں، جس پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ دلشاد بانو، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ فتح اللہ خان، وائس چیئرمین محمد علی قائد، اور سیکریٹری منرلز اینڈ انڈسٹریز بھی شریک تھے۔
یہ ملاقات گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے۔
